نئی دہلی ۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں چینی شہریوں کو ویزا دینے سے متعلق معاملے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم سے ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی پوچھ تاچھ کی۔ سی بی آئی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ چدمبرم سے چینی شہریوں کو ویزا جاری کرنے کے سلسلے میں جمعہ کو سی بی آئی نے سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، اگلے دن وہ ہفتہ کو ایجنسی کے ہیڈکوارٹر پہنچے ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے جمعہ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھا جس میں الزام لگایا گیا کہ گزشتہ ہفتے ان کے احاطے میں تلاشی کے دوران سی بی آئی کے اہلکاروں نے پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی سے متعلق انتہائی خفیہ کاغذات ضبط کرلئے ۔ انہوں نے مسٹر برلا کو لکھے خط میں کہا کہ وہ بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ چدمبرم نے مسٹر برلا سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کو کہا۔ چدمبرم نے لکھاکہ ”سی بی آئی کی یہ کارروائی پارلیمانی استحقاق کی خلاف ورزی ہے ۔ میں مکمل طور پر غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کا شکار ہوا ہوں۔ سی بی آئی کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق سی بی آئی نے گزشتہ ہفتہ کارتی چدمبرم اور ان کے ساتھی ایس بھاسکرارمن کے خلاف چینائی میں ایف آئی آر درج کی تھی۔