سپریم کورٹ میں چدمبرم کی درخواست، ای ڈی کی آج تہاڑ جیل میں پوچھ گچھ
نئی دہلی 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے آئی این ایکس میڈیا کیس میں سپریم کورٹ سے آج اپنی ضمانت کی استدعا کی اور کہاکہ سی بی آئی محض اُن کی توہین و تذلیل کے لئے تحویل میں رکھنا چاہتی ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل اور ان کے ساتھ ابھیشک مانو سنگھوی نے چدمبرم کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے جسٹس آر بھانومتی کے زیرقیادت بنچ سے کہاکہ سابق مرکزی وزیر فینانس اور اُن کے افراد خاندان کے خلاف گواہان پر اثرانداز ہونے کا کبھی بھی کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا چہارشنبہ کو اس مقدمہ کی سماعت اور بحث میں سی بی آئی کی طرف سے رجوع ہوں گے۔ اس دوران دہلی کی ایک عدالت نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کو چدمبرم سے پوچھ گچھ کی اجازت دیدی۔ آئی این ایکس میڈیا رقم ہیر پھیر کیس میں اس ادارہ نے اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ خصوصی جج اجئے کمار نے ای ڈی کی ایک درخواست قبول کرلی جس میں چدمبرم سے پوچھ گچھ کے لئے اجازت کی استدعا کی گئی تھی۔ جج نے کہاکہ یہ تحقیقاتی ایجنسی چہارشنبہ کو تہاڑ جیل میں قید چدمبرم سے پوچھ گچھ کرسکتی ہے۔