۔15 جولائی کو نتائج کا اعلان ، مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کا خطاب
نئی دہلی : مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے آج اعلان کیا کہ سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 10 ویں اور 12 ویں کے بورڈ امتحانات کا 4 مئی سے آغاز ہوگا جو 10 جون تک جاری رہیں گے۔ نتائج کا اعلان 15 جولائی کو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پریکٹیکل امتحانات کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا۔ سوشیل میڈیا پر سی بی ایس ای بورڈ امتحانات کی تواریخ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ ہر سال فروری کے مہینے میں ان امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا تھا جو مارچ میں ختم ہوتے تھے اور مئی کے مہینے میں نتائج کا اعلان کیا جاتا تھا۔ اس سال کورونا وائرس کی وباء کے باعث امتحانات کا تاخیر سے انعقاد عمل میں آرہا ہے اور کلاسیس آن لائن چلائی جارہی ہیں۔ ڈسمبر کے اوائل میں وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ فروری تک بورڈ امتحانات کے انعقاد کا امکان نہیں ہے۔ امتحانات کی تاریخ سے متعلق ریاستوں میں کورونا وباء کی صورتحال کا تجزیہ اور سرپرستوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ امتحانات آف لائن موڈ میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرس کی مدد سے ملک راتوں رات کورونا وباء کے باعث آن لائن کلاس میں تبدیل ہوگیا۔