نئی دہلی،10 جون (سیاست ڈاٹ کام) دسویں اور بارہویں کے باقی امتحان جولائی میں منعقد کرنے کے مرکزی ثانوی تعلیم بورڈ(سی بی ایس ای)کے فیصلے کے خلاف والدین و سرپرست سپریم کورٹ پہنچے ہیں۔ والدین و سرپرستوں کے ایک گروپ نے سپریم کورٹ کا رخ کرتے ہوئے ایک جولائی سے 15 جولائی تک 10ویں اور 12 ویں کے امتحان کے انعقاد پر روک لگانے کی اپیل کی ہے ۔وکیل ریشی ملہوترا کے ذریعہ دائر عرضی میں کوویڈ 19 کی وبا کی بھیانک ہوتی صورتحال کو بنیاد بنا کر طلبہ کو انٹرنل اسسمنٹ کی بنیادپر نمبر دئے جانے اور اس کے بعد ریزلٹ جاری کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ عرضی میں کہاگیا ہے کہ دہلی یونیورسٹی اور آئی آئی ٹی سمیت کئی بڑے تعلیمی اداروں نے امتحان منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اور سی بی ایس ای کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ باقی مضامین کے لئے امتحان کا انعقاد نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ سمیت کچھ ریاستوں میں بورڈوں نے طلبہ کو خطرناک وائرس کے رابطے میں آنے سے بچانے کے لئے کوئی بھی امتحان منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔واضح رہے کہ شمال مشرقی دہلی میں تشدد کی وجہ سے دسویں کے کچھ امتحانات ملتوی کردئے گئے تھے اور کورونا کی وبا کی وجہ سے بارہویں کے کچھ مضامین کے امتحان ٹال دئے گئے تھے ۔سی بی ایس ای نے انہیں جولائی کے پہلے 15 دن میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔