سی پرتاپ ریڈی کے فیصلہ پر کانگریس قائدین ششدر

   

پارٹی کارکنوں کے بھروسے کو شدید دھکہ، سابق رکن اسمبلی شادنگر کی کے ٹی آر سے ملاقات

شادنگر۔21 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادنگر اسمبلی حلقہ کے کانگریس پارٹی قائد و سابق رکن اسمبلی چولاپلی پرتاپ ریڈی نے بھی اپنے سیاسی آقائوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کانگریس پارٹی کے ساتھ لمبا سفر ختم کرکے آخر کار ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے مقصد سے آج حیدرآباد میں ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا۔ کے سی آر سے ملاقات کے موقع پر ریاستی وزیر سرینواس گوڑ، شادنگر ایم ایل اے وائی انجیا یادو، دامودھر ریڈی، جوپلی بھاسکر اور دیگر ٹی آر ایس پارٹی قائدین موجود تھے۔ مذکورہ ملاقات کے بعد یہ طے کیا گیا کہ 22 مارچ کو سابقہ ایم ایل اے شاد نگر چولا پلی پرتاپ ریڈی اپنے حامیوں کے ہمراہ تلنگانہ بھون میں تلنگانہ ورکنگ صدر ٹی آر ایس پارٹی کھنڈوا ڈال کر ٹی آر ایس پارٹی میں شامل کریں گے۔ اچانک کانگریس سابقہ ایم ایل اے شاد نگر چولا پلی پرتاپ ریڈی کی ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی کانگریس قائدین پرتاپ ریڈی کے اس فیصلہ پر کافی ششدر ہوکر رہ گئے۔ واضح رہے کہ 2009ء میں شاد نگر اسمبلی حلقہ سے کانگریس پارٹی کی ٹکٹ پر پرتاپ ریڈی نے ٹی آر ایس امیدوار کے خلاف شاندار اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014ء کے انتخابات میں کانگریس پا رٹی نے پرتاپ ریڈی کو دوسری مرتبہ ایم ایل اے کا ٹکٹ دیا لیکن 2014ء کے انتخابات میں شاد نگر حلقہ کی نشست ٹی آر ایس پارٹی کے امیدوار وائی انجیا یادو نے پرتاپ ریڈی کو 17 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے دی۔ شاد نگر حلقہ کانگریس پارٹی کا گڑھ مانا جاتا تھا۔ لیکن 2014ء میں بھی ٹی آر ایس پارٹی امیدوار وائی انجیا یادو نے کامیابی حاصل کی۔ 2018ء کے عام انتخابات میں بھی وائی انجیا یادو کو عوام نے بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی۔ چولاپلی پرتاپ ریڈی نے شاد نگر حلقہ سے دو مرتبہ شکست کے باوجود موجودہ پارلیمانی حلقہ محبوب نگر سے بحیثیت کانگریس امیدوار مقابلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ لیکن محبوب نگر پارلیمانی حلقہ سے مقابلہ کے لیے دوسرے قائدین کی دوڑ کو دیکھتے ہوئے اپنے قدم پیچھے کرلیے۔ تلنگانہ کے سیاسی حالات اور اعلی قائدین کی پارٹی تبدیلی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے بھی اپنا فیصلہ لیتے ہوئے شاد نگر حلقہ کے کارکنوں اور پارٹی قائدین اور ان کے بھروسہ پر پارٹی کے لیے کام کرنے والوں کی کمر توڑدی۔ چولاپلی پرتاپ ریڈی کے اچانک پارٹی تبدیل کرنے کے فیصلہ کو لے کر شاد نگر حلقہ کے کانگریس پارٹی قائدین کافی ششدر ہوکر رہ گئے۔ پرتاپ ریڈی کی جانب سے پارٹی تبدیل کرنے کے پیچھے کئی ایک اہم راز پوشیدہ ہیں۔ چولا پلی پرتاپ ریڈی نمائندہ سیاست شاد نگر منصور علی خاں سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر میں پارٹی تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا ہوں اور ہمیشہ کی طرح عوامی خدمات کرتا رہوں گا۔ پارٹی تبدیل کرنے کا کوئی اہم مقصد یا پھر کسی عہدے کی لالچ میں فیصلہ نہیں لیا ہوں۔ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ لیا ہوں۔