حیدرآباد: سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے دوباک کے ضمنی چناؤ میں سیکولر طاقتوں کی تائید کا اعلان کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سی پی آئی کیڈر کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ دوباک میں سیکولر پارٹی کے مضبوط امیدوار کی تائید کریں تاکہ فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں اصل مقابلہ سیکولرازم اور فرقہ پرستی کے درمیان ہے، لہذا سی پی آئی نے فرقہ پرستی کو شکست دینے کیلئے کسی سیکولر پارٹی کے مضبوط امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کے لئے اقدامات کرنے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ دوباک میں بی جے پی کی جانب سے دولت کے استعمال کی کئی مثالیں منظر عام پر آئی ہیں۔ بی جے پی قائدین کے مکانات سے لاکھوں روپئے ضبط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار کے نشہ میں بی جے پی دوباک میں انتخابی دھاندلیوں کی تیاری کر رہی ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے حیدرآباد میں سیلاب کے متاثرین میں امداد کی تقسیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی متاثرہ علاقوں میں امدادی رقم تقسیم نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 10,000 کروڑ کا نقصان ہوا ہے ، لہذا مرکزی حکومت کو کم سے کم دو ہزار کروڑ تلنگانہ کے لئے جاری کرنے چاہئے ۔