سی پی آئی میں 75 سال عمر کے قائدین کو عہدوں سے سبکدوش کرنے کا فیصلہ

   

ڈاکٹر کے نارائنا کنٹرول کمیشن کے صدر نشین، نوجوان قیادت کو موقع دینے قومی عاملہ کی تجویز

حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی نے پارٹی قائدین کو 75 سال کی عمر میں عہدوں سے سبکدوش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کے چندی گڑھ میں منعقدہ سی پی آئی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو پارٹی میں اہم عہدوں پر موقع دینے کے لئے ایسے تمام قائدین کو معذول کردیا جائے جو عمر کے 75 سال مکمل کرچکے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت سی پی آئی کے قومی سکریٹری کے عہدے سے ڈاکٹر کے نارائنا کو سبکدوش کردیا گیا۔ انہیں سی پی آئی کے کنٹرول کمیشن کا صدر نشین مقرر کیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ چندی گڑھ کے اجلاس میں 75 سال مکمل کرنے والے قائدین نے عہدوں سے سبکدوش کرنے کی اپیل کی تھی جس سے اتفاق کرلیا گیا۔ 75 سال عمر کی حد میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ڈی راجا کو دوسری میعاد کے لئے قومی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ پارٹی کے داخلی امور کی یکسوئی کے لئے قومی سطح پر کنٹرول کمیشن قائم کیا گیا جس کے صدر نشین ڈاکٹر کے نارائنا ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان کا بعد میں اعلان ہوگا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ وہ ذمہ داری سے سبکدوشی پر مطمئن ہیں اور وہ سیاسی امور پر بہت کم تبصرہ کریں گے۔ سرگرم سیاست سے دوری اور پارٹی قائدین کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قیادت کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر نارائن کے مطابق کنٹرول کمیشن نے جملہ 9 ارکان ہوں گے جو پارٹی کے تنظیمی امور اور ڈسپلن کے نفاذ جیسے معاملات کی نگرانی کریں گے۔ ڈاکٹر نارائنا نے متحدہ آندھرا پردیش میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں اور گزشتہ دو برسوں سے وہ قومی سکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ 1