سی پی آئی کی بی جے پی ہٹاؤ ، دیش بچاؤ مہم

   

قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کی پنجہ گٹہ میں تاجرین سے ملاقات
حیدرآباد۔/2مئی ،( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے آج حیدرآباد کے پنجہ گٹہ اور بنجارہ ہلز کے علاقوں میں بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ مہم میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا، سی پی آئی حیدرآباد ضلع کی سکریٹری ایس چھایا دیوی اور دیگر قائدین کے ہمراہ پنجہ گٹہ چوراہے سے پدیاترا کا آغاز کیا اور بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 تک یہ مہم جاری رہی۔ سی پی آئی قائدین نے دکانداروں سے ملاقات کرتے ہوئے مہم کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی نفرت اور فرقہ پرست سیاست کے خلاف عوام کو میدان میں آنا چاہیئے۔ عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے عام آدمی کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں مہنگائی کے سبب غریب اور متوسط طبقات پریشان ہیں۔ بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے تاجروں اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مودی حکومت کی ناکامیوں پر مبنی پمفلٹ حوالے کیا اور کہا کہ حکومت اڈانی اور امبانی کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ آئندہ الیکشن میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے ملک میں سیکولرازم اور جمہوریت کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ر