مقامی افراد نے رکن اسمبلی کی سادگی کو سراہا
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری اور کتہ گوڑم کے نو منتخب رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ نے آج مخدوم بھون حمایت نگر کے قریب واقع ٹی اسٹال پہنچ کر چائے نوشی کی اور ٹی اسٹال کے مالک کو حیرت میں ڈال دیا۔ سامبا سیوا راؤ عام طور پر صبح کے وقت مخدوم بھون سے پیدل چلتے ہوئے ٹی اسٹال پہنچ کر چائے نوشی کرتے تھے۔ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے آج ٹی اسٹال پہنچ کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ عام آدمی کی طرح سامبا سیوا راؤ نے چائے نوشی کی اور مقامی افراد سے بات چیت کی۔ ٹی اسٹال کے مالک ہنمنت راؤ یادو نے سامبا سیوا راؤ کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر وہاں موجود افراد نے سی پی آئی سکریٹری کی سادگی کو سراہا۔ اسی دوران تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے سی پی آئی اور اس کی محاذی تنظیموں کے قائدین نے مخدوم بھون پہنچ کر سامبا سیوا راؤ کو رکن اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔