سی پی رادھا کرشنن این ڈی اے کے نائب صدر جمہوریہ امیدوار نامزد

   

نئی دہلی۔17؍اگست (ایجنسیز )این ڈی اے میں نائب صدر کے امیدوار کے نام پر جاری سسپنس ختم ہوگیا ہے۔ آج دہلی میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی بورڈ کے اجلاس میں بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا نے اعلان کیا کہ این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر سی پی رادھا کرشنن کو نامزد کیا گیا ہے۔سی پی رادھا کرشنن کا جنم 4 مئی 1957 کو ہوا۔ وہ ٹاملناڈو کے کوئمبتور لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے ٹکٹ پر دو بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوچکے ہیں اور ٹاملناڈو بی جے پی کے ریاستی صدر بھی رہے۔ وہ ٹاملناڈو کے بی جے پی کے سینئر قائدین میں شمار کیے جاتے ہیں۔18 فروری 2023 سے وہ جھارکھنڈ کے گورنر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے تلنگانہ اور پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کی اضافی ذمہ داریاں بھی سنبھالی تھیں۔ فی الحال وہ مہاراشٹرا کے گورنر ہیں۔قابل ذکر ہے کہ نائب صدر کے امیدوار کے انتخاب کا اختیار این ڈی اے جماعتوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کو دیا تھا۔ نیا نامزد امیدوار 21 اگست تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرسکے گا۔جگدیپ دھنکر کے استعفیٰ کے بعد یہ انتخاب ہورہا ہے۔