سیاحتی مقامات پر صاف صفائی کیلئے جی ایچ ایم سی کی خصوصی توجہ

   

شہر کو صاف ستھرا بنائے رکھنے مزید خانگی ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ
صفائی پر خصوصی توجہ
نشاندہی کردہ مقامات
پیکیج 1 مقبرہ جات پائیگاہ
پیکیج 2 چارمینار ، سالار جنگ میوزیم ، مکہ مسجد
پیکیج 3 گنبدان قطب شاہی ، قلعہ گولکنڈہ
پیکیج 4 نامپلی پبلک گارڈن ، اسمبلی
پیکیج 5 معظم جاہی مارکٹ ، سلطان بازار کلاک ٹاور ، ایل بی اسٹیڈیم
پیکیج 6 حسین ساگر / ٹینک بنڈ ، لمبنی پارک ، برلا مندر
پیکیج 7 کے بی آر پارک ، جگناتھ مندر ، پدماں مندر ، جوبلی ہالس
پیکیج 8 درگم چیرو ، شلپارامم اور بوٹانیکل گارڈن
پیکیج 9 سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اور اجین مہانکالی مندر

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تاریخی عمارتوں اور ہیرٹیج مقامات کے لیے مشہور اور اس کے علاوہ آج کی سہولتوں سے جس کی وجہ سیاحتوں کی بڑی تعداد یہاں آتی ہے ۔ اس کے پیش نظر حیدرآباد میں اب ان مقامات پر صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ سیاحتی مقامات پر صاف صفائی کی برقراری کو یقینی بنانے کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے منتخب مقامات پر صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے لیے خانگی ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور چند سیاحتی مقامات پر ایک پائیلٹ پراجکٹ کا فیڈ بیاک اچھا ملا ہے ۔ اب یہ کارپوریشن شہر میں دوسرے سیاحتی مقامات پر اس طرح کاکام انجام دینے کے لیے مزید ایجنسیوں کو طلب کررہا ہے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت میونسپل کارپوریشن نے چارمینار ، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ، مکہ مسجد ، ہائی کورٹ اور سالار جنگ میوزیم پر صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ایجنسیز کی خدمات حاصل کی تھی ۔ ان ایجنسیوں کو ان مقامات پر سالانہ اساس پر صحت و صفائی کی برقراری کی ذمہ داری سونپی گئی ۔ Ixora کارپوریٹ سروسیس پرائیوٹ لمٹیڈ نے چارمینار اور دیگر چند مقامات پر 45 دن تک اس پائیلٹ پراجکٹ کو انجام دیا ۔ اس میں تقریبا 100 ورکرس آٹھ مشینس بشمول آٹو اسکربرس ، جیٹ واشرس ، میکانائزڈ سویپرس کے ذریعہ ان مقامات پر صفائی اور دھونے کا کام انجام دیا گیا ۔ یہ ورکرس تین شفٹس میں چوبیس گھنٹے کام کیے ۔ سیاح اور مقامی لوگوں کی جانب سے اس پراجکٹ پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اس لیے جی ایچ ایم سی نے شہر میں نوسرکلس میں دوسرے سیاحتی مقامات پر اسی طرح کے کام کے لیے مزید ایجنسیوں کو طلب کرنے کے لیے ٹنڈرس جاری کئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ سڑکوں پر جاروب کشی ، سائیڈواکس کی صفائی کے علاوہ ان ایجنسیوں کو تجارتی مقامات اور اسائینڈ روڈ اسٹرچ کے رخ پر موجود مکانات سے کچرا بھی حاصل کرنا ہوگا ۔ اور انہیں پبلک ٹائیلٹس کو بھی مینٹین کرنا ہوگا اور اگر ضروری ہو تو کارپوریشن سے پیشگی منظوری حاصل کرتے ہوئے نئے ٹائیلٹس قائم کرنا ہوگا ۔۔