تینوں کی اچھے گھرانوں میں شادی ، چھوٹی بہن اثنا خاتون کے لیے 1.5 لاکھ روپئے کی امداد
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : دین اسلام میں بیٹیوں یا بچیوں کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ نے ان ماں باپ کو جنت کی خوشخبری سنائی ہے جو اپنی بیٹیوں یہاں تک کہ ایک بیٹی کی صحیح تعلیم و تربیت کرتے ہوئے اس کی شادی کرتے ہیں ۔ بیٹیاں حقیقت میں دیکھا جائے تو باعث رحمت ہوتی ہیں لیکن خود ہمارے معاشرہ میں ایسے لوگ ہیں جو بیٹیوں کی پیدائش پر ناراض ہوجاتے ہیں ۔ اس طرح کے لوگ یقیناً قابل مذمت ہوتے ہیں لیکن دوسری طرف ایسے لوگ بھی ہیں جو بیٹا ہو یا بیٹی ہر کسی کی پیدائش پر بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجالاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں بے شمار انعامات سے نوازتا بھی ہے ۔ تیسری طرف ایسی شخصیتیں اور ایسے ادارے ہوتے ہیں جو ضرورت مند دختران ملت کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے ۔ ایسی شخصیتوں میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ افتخار حسین کے ساتھ ساتھ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان شامل ہیں ۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے تین ہونہار بہنوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں ان کے پیروں پر ٹھہرنے کے قابل بنایا گیا ۔ اسماء خاتون کی تین ہونہار و قابل دختران ہما نازلی ، سمیہ اور اثنا خاتون کی ۔ اب یہ تینوں لڑکیاں اعلیٰ تعلیم بھی مکمل کرچکی ہیں ۔ ان کی والدہ فیض عام ٹرسٹ سے رجوع ہوئی تھیں ان کا کہنا تھا کہ فیس کی وجہ سے وہ ان کی لڑکیاں گھر میں بیٹھی ہوئی ہیں ۔ چنانچہ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے فوری آگے بڑھتے ہوئے ان کی مدد کی اور اسکول و کالجس کی جو 35 ہزار فیس واجب الادا تھی وہ ادا کی گئی ۔ ہما نازلی کی ڈگری سیکنڈ ایر کی فیس کی فیس کلیر کروائی اور تھرڈ ایر کی فیس ادا کی ۔ سمیہ کا بھی ڈگری میں اڈمیشن کروایا گیا اور Respiratory Therapy کورس کروائے اور وہ روزگار سے منسلک ہوگئی ۔ وہ ایم ایس سی کیمسٹری کررہی ہیں ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق تیسری لڑکی اثنا خاتون کو بی ایس سی نیوٹریشن کروایا گیا ۔ اس لڑکی نے ایم ایس سی نیوٹریشن کی فیس خود ادا کی ۔ اللہ کے فضل سے تینوں کی شادیاں ہوچکی ہیں ۔ ہمانازلی اپنے شوہر کے ساتھ برطانیہ جاچکی ہیں ۔ جب کہ اثنا خاتون کا نکاح ہوچکا ہے اور وہ بھی برطانیہ جانے والی ہیں ۔ تینوں لڑکیوں کے تعلیمی اخراجات فیض عام ٹرسٹ اور سیاست نے برداشت کیے جب کہ ان کی شادیوں میں بھی ممکنہ مدد کی ۔ آج دفتر سیاست میں جناب عامر علی خاں ، جناب افتخار حسین نے اثنا خاتون کو ایک لاکھ پچاس ہزار ( 75 ہزار سیاست کی جانب سے اور 75 ہزار فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ) پیش کئے تاکہ برطانیہ جانے کی پرویسنگ آسان ہوجائے ۔ اسما خاتون نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ اور ان دونوں اداروں کے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے بارگاہ رب العزت میں دعا کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان دختران کے رشتے سیاست اخبار کے ذریعہ ہی طئے پائے ۔ جناب عامر علی خاں نے اسما خاتون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود انہوں نے اپنی بیٹیوں کو زیور علم سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔۔