سیاست ایجوکیشن فیئر کے تین روزہ پروگرام کا کامیاب اختتام

   

ایک چھت تلے کئی تعلیمی ادارے جمع ، ہزارہا افراد کی شرکت، شخصی کونسلنگ سے شہر اور اضلاع کے طلبہ مستفید
کامیاب انعقاد پر تعلیمی اداروں کا اظہار خوشنودی

حیدرآباد : سیاست ایجوکیشن فیئر کے تین روزہ پروگرام کا کامیاب اختتام عمل میں آیا۔ اس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں نے حصہ لیا۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اس کے اہم اسپانسر رہے۔ ادارہ سیاست جو ایک تحریک ہے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں سرگرم عمل ہے۔ تعلیمی شعبہ میں ایجوکیشن فیئر کا انعقاد اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ تین روزہ ایجوکیشن فیئر میں ہزارہا لڑکے / لڑکیوں اور اولیائے طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے مختلف پروفیشنل و دیگر اہم کورسیس میں داخلے کی رہنمائی حاصل کی اور اس ضمن میں اپنے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا۔ حیدرآباد ؍ سکندرآباد کے علاوہ اضلاع سے بے شمار افراد نے اس تعلیمی میلہ میں حصہ لیا۔ ایجوکیشن فیئر کے دوران سمینارس بھی منعقد ہوئے۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے اس کا رسمی افتتاح انجام دیا اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تعلیمی شعبہ میں ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ نئے کورسیز سے طلبہ کو واقف کروانے کا مؤثر ذریعہ بتایا۔ معاون اسپانسر لارڈس انجینئرنگ کالج کے وائس چیرمین مسٹر توصیف نے مشاہدہ کیا اور پروفیسر شیخ شاہ ولی، ڈاکٹر صفی الدین ارشاد علی نے لکچرس دیئے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائرکٹرس جناب لطیف خان، معظم خاں اور محمد انور نے تینوں دنوں میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے ایمسیٹ‘ نیٹ اور آئی اے ایس پریلیمنری‘ مین امتحان کی تیاری کیلئے طلباء کی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔ سیاست کیرئیر کونسلر ایم اے حمید نے طلبہ اور سرپرستوں کی تین روز تک شخصی کونسلنگ کی اور دو سمینارس منعقد کئے۔ طلباء و طالبات اپنے اسنادات کی زیراکس کے ساتھ رینک کے ذریعہ کس کالج اور کسکورس میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں اس سلسلہ میں رہنمائی حاصل کی۔ جن اداروں نے اس فیئر میں حصہ لیا، ان میں نواب شاہ عالم کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، انوارالعلوم کالج آف فارمیسی، شاداں انجینئرنگ کالج، ڈاکٹر وی آر کے ویمنس انجینئرنگ کالج، ایم آر ایم کالج آف فارمیسی، اونتی کالج، آئی پی ای انسٹی ٹیوٹ آف پبلک انٹرپرائز، وشوا وشوانی، سیوا سیوانی، سی آئی بی ایم، ایم پی آر گلوبل، گیتم یونیورسٹی، فارچون بزنس اسکول، نیو نوبل کالج، میڈہاس، ایس جی کنسلٹینسی، لنکن یونیورسٹی کالج شامل ہیں۔ اس طرح ایک چھت تلے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انجینئرنگ، فارمیسی، مینجمنٹ، میڈیسن کے نمائندے موجود رہے۔ تین دنوں تک جاری اس تعلیمی نمائش کے اوقات دس بجے تا 5 بجے رہے۔ سیاست کی مارکٹنگ ٹیم‘ جناب سعید اور اسماعیل کی زیرنگرانی شبانہ روز مصروف رہی۔ کئی سرکردہ شخصیات اور اداروں کے سربراہان نے اس نئی شروعات کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیتے ہوئے نئی نسل کو بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔ حیدرآباد کے اسکولس کے ذمہ داران انجینئر سید حیدر علی کے ہمراہ ایجوکیشن فیئر کے کامیاب انعقاد پر تہنیت پیش کی۔ ان میں محمد مستان، خالد انصاری، مخدوم علی خان، سید سلطان، احمد حسین، محمد اظہر قابل ذکر ہیں۔ محمد علی رفعت، بدر بن عبداللہ نے ایم اے حمید کی گلپوشی کی۔ اس طرح سیاست ایجوکیشن فئیر کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوا۔