سیاست شاپنگ دھوم 2018 کا بمپر ڈرا،سٹی ہائیٹس کو پہلا انعام رینالٹ کار

,

   

بسم اللہ ٹورس اینڈ ٹراویلس کو دوسرا انعام ہیرو گلیمر،جناب شجیع الدین تقی اور عامر علی خاں نے قرعہ نکالا

حیدرآباد۔6فبروری(سیاست نیوز) پینتالیس دنوں سے جاری سیاست شاپنگ دھوم 2018کا چہارشنبہ کی شب للت کلاتھورانم کے اوپن تھیٹر میں بمپر ڈرا تقریب کا شاندار پیمانے پر اختتام عمل میں آیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایک سو دوکانداروں او رمختلف کاروبار کرنے والوں نے اس سیاست شاپنگ دھوم میں حصہ لیا۔ اس دوران ہر دس دن میںایک منی ڈرا بھی منعقد کیاجاتا تھا ۔مدیر اعلی روزنامہ’ سیاست‘ جناب زاہد علی خان اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان کی نگرانی میں منعقد ہونے والے اس سیاست شاپنگ دھوم فن گامہ کی مقبولیت کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ للت کلاتھورانم کا وسیع وعریض میدان سیاست کے قارئین کی کثیرتعداد سے بھرا ہوا تھا ۔ اس کے علاوہ شاپنگ دھوم 2018 میں حصہ لینے والے بزنس مین اور ان کی افراد خاندان بھی اس میںشامل تھے۔سیاست شاپنگ دھوم 2018میںانعام اول کا ٹوکن جس میں رینالٹ کے ویڈ (Renault KWID)کار جس کوزونی فیملی فیشن اسٹور نے اسپانسر کیاتھا تقریب کے مہمان خصوصی جناب تقی الدین شجیع نے اپنے ہاتھوں سے قرعہ نکالا اور انعام اول کے حقدار ٹوکن نمبر 510008سٹی ہائیٹس رہے جبکہ انعام دوم کا ٹوکن جس میں ہیرو گلیمر تھی‘ نیوز ایڈیٹر ’سیاست ‘جناب عامر علی خان کے ہاتھوں نکالا گیا اور انعام دوم کے حقدار ٹوکن نمبر610057 بسم اللہ ٹورز اینڈ ٹروایلس رہے جبکہ انعام سوم کا ٹوکن جس میں ہیرو مائسٹرو ایڈیج تھے ‘ زونی کے مارکٹینگ منیجر سعید حسین کے ہاتھوں نکالا گیا اورانعام کے حقدار ٹوکن نمبر655008کشکش دی ویڈنگ مال رہا۔قبل ازیں رنگا رنگ پروگرام میں دکنی اور ہندی فلموں کے مایہ ناز اداکاروں ‘ حیدرآباد کے مشہور گلوکاروں اورمزاحیہ فنکاروں نے کافی دھوم مچائی ۔ قوالیوں‘ ہندی گانوں ‘ اور غزلیات سے سامعین کو محظوظ کیا۔ طنز ومزاح کا منفرد پروگرام بھی پیش کیاگیا۔کراک حیدرآبادی ٹیم کے شہباز خان اور ساتھی نے بہترین کامیڈی کا مظاہرہ کیا۔ گلوکار احتشام قادری‘ صفی ملک اور ہماچل پردیش کے ارون پوری نے مشہور ہندی نغمے پیش کئے۔ صوفی گلوکار عمران خان نے نصرت فتح علی خان اورراحت فتح علی خان کی قوالیاں ان ہی کے انداز میںپیش کرتے ہوئے سامعین کی داد وتحسین حاصل کی ۔دکنی فلموں کے مشہور اداکار کے بی جانی ‘ گلو دادا‘ اکبر بن تبر کے علاوہ دیگر نے بھی اسٹیج پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اینکرنگ چنچل شرما اورسمیر خان نے کی ۔