سیاست ملت فنڈ کو 27.50 لاکھ روپئے اور فیض عام ٹرسٹ کو 26.92 لاکھ عطیات

,

   

دہلی فسادات ‘ متاثرین کی مدد کیلئے ہمدردان ملت کا غیر معمولی حوصلہ افزاء ردعمل، 15 متاثرین کی درخواستیں وصول

تباہ حال مسلمانوں کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ‘ جناب زاہد علی خان اور جناب افتخار حسین کا اظہارِ خیال

حیدرآباد ۔ 15 مارچ ( سیاست نیوز) دہلی فسادات میں فرقہ پرست درندوں نے جس انداز میں مسلمانوں کی جائیدادوں ان کے کاروباری اداروں دکانات اور مکانات کو چن چن کر نشانہ بنایا ۔ گھروں کو جس بیدردی اور بے خوفی سے لوٹا خاص کر بے شمار لڑکیوں کی شادیوں کے لئے جمع کردہ جہیز بشمول زیورات لوٹ لئے گئے ‘ شائد اس کی مثال نہیں مل پائے گی ۔ دارالحکومت دہلی کو ہندوستان کی شان اور اس کا وقار کہا جاتا ہے ۔ لیکن اس دہلی کے سینے میں مسلمانوں کا قتل عام بھی کیا گیا ‘ غیر مسلم بھائی بھی اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے اب حال یہ ہے کہ دہلی کا مسلمان دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی جدوجہد کرنے سے بھی قاصر ہے ۔ ان حالات میں روزنامہ سیاست کے ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے دہلی کے ان بے یار و مددگار مسلمانوں کی مدد کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی صدارت میں ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے ذمہ داروں کا ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ‘ صدر ہیلپنگ ہینڈ ڈاکٹر شوکت علی مرزا ‘ ڈاکٹرمخدوم محی الدین اور منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خاں نے شرکت کی ۔ مشاورتی اجلاس میں ٹرسٹی و سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ فیض عام ٹرسٹ ہمیشہ ہونہار طلبہ ‘ آفات سماوی کے متاثرین ‘ فرقہ وارانہ فسادات کے مظلومین کی مدد میں سیاست ملت فنڈ کے شانہ بشانہ کام کیا ہے ۔ چنانچہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے اعلان کیا کہ ملت فنڈ کے ذریعہ دہلی فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کی بازآباکاری کے لئے حتی المقدور اقدامات کئے جائیں گے تب فیض عام ٹرسٹ نے بھی اپنے ارکان اور عطیہ دہندگان سے مالی تعاون کی اپیل کی جس کا اثر یہ ہوا کہ ہمدردانہ ملت نے چند دنوں میں فیض عام ٹرسٹ کو 26,92,001 روپئے کا گرانقدر عطیہ پیش کئے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ روزنامہ سیاست کے ملت فنڈ میں ہمدردانہ ملت نے دہلی کے تباہ حال اپنے بھائی بہنوں کے لئے زائد از 2750000 روپئے کے عطیات جمع کروائے اس طرح سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کو 14 مارچ کی شام تک مجموعی طورپر 54,42,2001 روپئے موصول ہوئے ۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ تا حال دہلی کے کم از کم 75 متاثرین کی مد د کے لئے درخواستیں موصول ہوئے ہیں۔ مینیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیرالدین علی خاں کی قیادت میں ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا ایک وفد دہلی کا دورہ کرکے متاثرین سے ملاقات کرے گا ۔ شہداء کے لواحقین کو پرسہ دے گا ۔ جن لوگوں کے کاروبار کو جو نقصان پہنچا ہے جن کے گھر لوٹ لئے گئے ان کے نقصانات کا جائزہ لے کر فہرست کی تیاری عمل میں لائے گا اور اس جائزہ ‘ فہرست اور رپورٹ کی بنیاد پر متاثرین میں امداد کی تقسیم ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے ہاتھوں عمل میں آئے گی ۔ جناب زاہد علی خان اور جناب افتخار حسین کے مطابق ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی اولین ترجیح متاثرین کو ان کے پیروں پر کھڑے ہونے میں مدد کرنا اور ان کی بازآبادکاری کرنا ہے ۔ اس سے وہ دوبارہ کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا اجلاس میں یہ بھی کہنا تھا کہ روزنامہ سیاست جب بھی ملت مظلومہ کی مدد کیلئے آواز دی اللہ عز و جل نے اس آواز کو ہمدردانہ ملت تک پہنچایا جس کیلئے وہ بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجالاتے ہیں ۔