’سیاست ‘ ٹی وی کی شہرت کا ثبوت ‘ کون بنے گا کروڑ پتی میں ’ آپشن ‘

,

   

’سنسد ‘ ٹی وی کے ساتھ تذکرہ ۔ ادارہ سیاست کے صحافتی سفر میں ایک اور سنگ میل

حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) ادارہ سیاست اپنی ملی و صحافتی خدمات کیلئے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ اس کا ثبوت آج سوپر اسٹار امیتابھ بچن کے معروف کوئز شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں دیکھا گیا۔ ادارہ سیاست کی خدمات کو سابق میں کئی سرکردہ اداروں، تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے تسلیم کیا جاچکا ہے۔ دور حاضر میں سیاست ذرائع ابلاغ کی عصری ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ’’سیاست ٹی وی‘‘ کا قیام عمل میں لایا اور آج ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں سوال کے جوابات میں سیاست ٹی وی بطور آپشن دیا گیا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ کون بنے گا کروڑپتی کھیل رہے نونو نامی 9 سالہ طالب علم کو امیتابھ بچن نے جو 11 واں سوال کیا وہ کچھ اس طرح تھا۔ 2021 ء میں لوک سبھا ٹی وی اور راجیہ سبھا ٹی وی کے انضمام کا فیصلہ لیا گیا اور اُس کے بعد جو چیانل شروع کیا گیا اس کا نام کیا ہے۔ آپشن A لوک تنتر ٹی وی، آپشن B سیاست ٹی وی، آپشن C راجنیتی ٹی وی، آپشن D سنسد ٹی وی تھا۔ 6 لاکھ 40 ہزار کیلئے سوال پر نودیا اگروال نے ماہرین کی رائے حاصل کرکے صحیح جواب دیا اور 6 لاکھ 40 ہزار روپئے جیتنے کے بعد کھیل چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس طالب علم کا تعلق بھوپال مدھیہ پردیش سے ہے۔ امیتابھ بچن کے سوال میں سیاست ٹی وی کا تذکرہ ادارہ سیاست کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ سابق میں ادارہ سیاست کی فلاحی، رفاہی خدمات کے علاوہ صحافتی خدمات پر شہنشاہ جذبات جناب یوسف خان مرحوم (دلیپ کمار) نے بھی آن ریکارڈ سیاست کی ستائش کی تھی۔ علاوہ ازیں اکشے کھنہ کی فلم ’آ اب لوٹ چلیں‘‘ میں قادر خان مرحوم کے ہاتھ میں روزنامہ سیاست دیکھا گیا جس کا وہ مطالعہ کررہے تھے۔ ادارہ سیاست نے اپنے 75 سالہ صحافتی سفر میں اردو زبان کوٹکنالوجی سے مربوط کرنے اور عصر حاضر کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں جو خدمات انجام دی ہیں اس کا ہر گوشہ سے اعتراف کیا جاتا رہا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر کی نگرانی میں سب سے پہلے اِن پیج اردو سافٹ ویر کو اردو صحافت کی دنیا میں متعارف کروایا گیا۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر کی مسلسل جدوجہد اور کاوشوں کے نتیجہ میں سیاست کی پہلی اردو ویب سائٹ کے ساتھ دنیا کا پہلا اردو ای پیپر ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس کا افتتاح اُس وقت کے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کیا تھا۔ جناب عامر علی خان نے دور حاضر کی ضرورتوں کو محسوس کرکے 15 اگسٹ 2018 ء میں سیاست ٹی وی کی بنیاد ڈالی۔ مختصر وقفہ میں سیاست ٹی وی ہیتھ وے کیبل، آن لائن و مختلف پلیٹ فارمس پر دیکھا جانے لگا ۔ دنیا بھر سے سیاست ٹی وی کے ناظرین نیوز کی ترتیب، حقائق کی پیشکشی میں دکھائے جانے والے دوسرے پروگرامس کی ستائش کرتے ہیں۔ مختصر عرصہ میں سیاست ٹی وی کے نام کا کون بنے گا کروڑپتی کے سوال میں آپشن دیا جانا سیاست ٹی وی کی رسائی اور مشاہدہ کرنے والوں کا اندازہ کرواتا ہے۔