ایسپائرنگ لیڈرس انڈیا فاؤنڈیشن (ALIF) کے تعاون سے ہارورڈ کی فنڈنگ والا لیڈرشپ کورس
پہلی نسل اور کم آمدنی کے حامل کالج طلبہ کیلئے بہترین موقع ‘استفادہ کیلئے جناب عامر علی خان کی اپیل
حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کی قیادت میں شروع سیاست ہب فاؤنڈیشن نے ملت میں تعلیمی اور معاشی انقلاب برپا کرنے مختلف اقدامات کئے ہیں خاص طور پر ملت کے تعلیم یافتہ لڑکے لڑکیوں کو روزگار سے جوڑنے اندرون و بیرون ملک انہیں روزگار و ملازمتوں کے بہتر و پرکشش مواقع سے استفادہ کروانے کئی ایک سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو تنظیموں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخطیں کئے ہیں۔ جناب عامر علی خان کی کاوشوں کے نتیجہ میں ٹام کام سے اداروں کے ذریعہ بیرون ملک روزگار کے حصول میں ہمارے نوجوانوں کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی۔ اسی طرح مختلف کمپنیوں کے اشتراک و تعاون سے روزگار میلے منعقد کرکے بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ اب سیاست ۔ ہب فاؤنڈیشن نے ایسپائرنگ لیڈرس انڈیا فاؤنڈیشن (ALIF) کے ساتھ مل کر ہمارے ایسے نوجوانوں کو جو پہلی نسل کے گریجویٹس ہیں عالمی سطح کی قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے اور ان کے پراجکٹس کو ہارورڈ جیسے باوقار تعلیمی اداروں سے مالیہ فراہم کروانے (فنڈنگ) کے ضمن میں پہل کی ہے۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان زندگی میں کچھ کرنے اور ترقی کی بلندیوں پر پہنچنے کا عزم و حوصلہ رکھنے والے نوجوان لڑکے لڑکیوں سے سوال کرتے ہیں کہ اگر ایک پروگرام آپ کے مستقبل کو روشن بناسکتا ہے تو اس کا حصہ بننے میں کیا پریشانی ہے اور وہ بھی ایک ایسا پروگرام جو بالکل مفت ہے، ہم بات کر رہے ہیں ایسپائر لیڈر پروگرام جو مکمل فنڈ فراہم کرنے والی ایک عالمی پہل ہے اور اس پروگرام کی فنڈنگ ہارورڈ فیکلٹی نے کی ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہیکہ یہ کم آمدنی والے اور پہلی نسل کے کالج طلبہ کو عالمی معیار کی قیادت سازی یا لیڈر شپ پروگرام سے بااختیار بناتا ہے اور کمیونٹی و برادری میں مثبت تبدیلیاں لانے وسائل فراہم کرتا ہے۔ ایسپائرنگ لیڈرس انڈیا فاؤنڈیشن (ALIF) کے تعاون سے سیاست۔ ہب فاؤنڈیشن نوجوانوں کیلئے یہ پروگرام لایا جس کا ویژن دراصل نوجوان لیڈران کو مہارت، اعتماد اور ایک عالمی نٹ ورک سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ معاشرہ پر نہ صرف مثبت اثرات مرتب کرسکیں بلکہ پیشہ وارانہ کامیابی بھی حاصل کرسکیں۔ اگر دیکھا جائے تو آپ کیلئے 9 ہفتوں کا سفر یعنی 9 ہفتوں کا کورس ہے اس کی اہم تفصیلات کے مطابق 15 اکتوبر تا 16 ڈسمبر 2025 پروگرام کی تاریخ ہے۔ درخواستیں 30 ستمبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ پہلی نسل کے یا کم آمدنی کے حامل کالج طلبہ اور ایسے طلبہ جنہوں نے حال میں گریجویشن کیا ہے یعنی FRESH GRADUATE جن کی عمر 18 سال تا 29 سال ہو اور جو سیکھنے، قیادت کرنے اور کمیونٹی میں مثبت تبدیلیاں لانے کے خواہاں طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔ آپ کو یہ بھی بتادیں کہ یہ صد فیصد آن لائن اور مکمل فنڈنگ کا حامل پروگرام ہے۔ ساتھ دنیا کے کسی بھی مقام میں سیکھنے والوں کیلئے قابل رسائی پروگرام ہے۔ اس کی دیگر خصوصیات میں مینٹرشپ اور المنائی پورٹل، انٹرنشپس، ملازمتیں اور اسکالرشپس بھی شامل ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضرور ہوگا کہ اس پروگرام میں حصہ لینے والوں کیلئے سماجی اثرات مرتب کرنے والی گرانٹس دی جاتی ہیں۔ مثلاً بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے والے پراجکٹس کیلئے 10 ہزار ڈالرس تک گرانٹس فراہم کی جاتی ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعہ آپ کو وسیع تر مواقع، فیلو شپ فراہم کی جائے گی۔ اس کی خاص الخاص بات اس کی لائیو ماسٹر کلاسیس ہیں ۔ ہارورڈ یونیورسٹی Yale ایل ایس ای فیکلٹی اور عالمی شہرت یافتہ ماہرین کے ذریعہ لائیو کلاسیس کا اہتمام ہے۔ بہرحال ابھی درخواست دیجئے کیو آر کوڈ دیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی [email protected] پر یا ویب سائٹ www.aspireindiafoundation.org و فون نمبر +919353117309 پر ربط پیدا کریں۔