مرکز رائے دہی تک پہنچانے کے نام پر رشوت کیخلاف کارروائی کرنے الیکشن کمیشن کا انتباہ
حیدرآباد۔9اپریل(سیاست نیوز) رائے دہی کے دن مراکز رائے دہی تک پہنچنے کیلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت سے استفادہ آپ کو 3ماہ کی جیل کی سزاء دلوا سکتا ہے۔ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے رائے دہندوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت جاری کردہ تفصیلات میںرائے دہندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں کسی بھی طرح کی بد عنوانیو ںاور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات کریںاور سہولت کی فراہمی کے نام پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سفری سہولت کے نام پر رشوت کو فروغ نہ دیں بلکہ ایسا کرنے والوں کے متعلق محکمہ پولیس کو مطلع کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست میں انتخابات پر امن اور بدعنوانیو ں سے پاک ہوں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رائے دہی کے دوران کسی بھی طرح کی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور جو لوگ ٹرانسپورٹ سہولت سے استفادہ کے اقدامات کریں گے انہیں 3ماہ کی سزائے قید یا جرمانہ کے علاوہ دونوں بھی ممکن ہیں۔انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے رائے دہندوں کو سہولت کی فراہمی کے علاوہ انہیں متاثر کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ رائے دہندوں کی منتقلی اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے چلائے جانے والے ٹرانسپورٹ نظام کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور ان سہولتوں سے استفادہ حاصل کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں بھی حراست میں لیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے کہ جو لوگ اس طرح کی حرکتو ں میں ملوث ہیں ان کے خلاف مقدمہ کو مستحکم بناتے ہوئے انہیں سزاء دلانے کی کوشش کی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق اس طرح کی حرکتوں میں ملوث رائے دہندوں اور امیدواروں کے خلاف انتخابی قوانین کی شق 123(5) آر پی ایکٹ 1951 کے تحت مقدمہ درجا کیا جائے اور ا سطرح کی حرکتیں جیسے سفری سہولت کی فراہمی اور دیگر طریقوں سے رائے دہندوں کو رجحانے کی کوشش کا کیا جانا بھی انتخابی قوانین کی دفعہ 133 کے تحت قابل سزاء جرم ہے اور اس میں عہدیداروں کا فوری کاروائی کا اختیار حاصل ہے۔
