نئی دہلی، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا مسلم کانفرنس کے صدر اور بہار کے سابق وزیر شمائیل نبی نے کہا کہ مرکزی حکومت کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) پر نظرثانی کرنی چاہئے ۔ شمائل نبی نے کہاکہ اگرچہ یہ قانون پارلیمانی منظوری سے بنایاگیا ہے لیکن عوام کی عدالت نے اسے سرے سے مسترد کردیا ہے۔ اس سیاہ قانون کے خلاف پورے ملک میں لاکھوں کی تعداد میں جو دھرنے و مظاہرے ہورہے ہیں ان میں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں ہندو اور سکھ بھائی بھی شامل ہیں۔ سابق وزیر نے کہا کہ سی اے اے قانون ملک کے آئین اور جمہوریت کے خلاف ہے ۔ یہ سیکولرزم کے مذاق کے مترادف ہے ۔ا س لئے اس پر جلد از جلد نظرثانی کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ سی اے اے کیخلاف احتجاج کا مرکز شاہین باغ دہلی بن گیا ہے جہاں آج ایک جنونی نے احتجاجیوں پر ہوائی فائرنگ کی ہے۔
