تلنگانہ میں این پی آر پر روک لگانے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ : محمد علی شبیر
حیدرآباد۔3مارچ(سیاست نیوز) ملک کے موجودہ حالات میں مخالف مسلم قوانین کو رد کروانے کی جدوجہد میں کانگریس ہر اس جماعت اور تنظیم کے ساتھ ہے جو ملک کے سیکولر اور دستوری ڈھانچہ کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ محمد علی شبیر سابق قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے تحفظ جمہوریت کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی اور کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی صدر سونیا گاندھی نے واضح طور پر ان قوانین کی مخالفت کا اعلان کیا ہے اور دہلی میں ہوئے فسادات کا کانگریس پارٹی نے سخت نوٹ لیتے ہوئے وزیر داخلہ کا استعفی طلب کیا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھی این پی آر پر روک لگانے کیلئے کانگریس کی جانب سے حکومت پر ممکنہ دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیاگیا ہے کیونکہ این پی آر ہی این آر سی کی پہلی کڑی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی این پی آر کے ذریعہ این آر سی انجام دینے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں عوام این پی آر اور این آر سی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان سیاہ قوانین اور فیصلوں کے خلاف کی جانے والی ہر پر امن جدوجہد کو کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ جناب محمدعلی شبیر نے کہا کہ ہندستان کے جو حالات آج ہورہے ہیں تاریخ میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نہ صرف مسلمانوں کو بلدکہ دلتوں اور ملک کے دستور کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ملک کی کئی سرکردہ شخصیات کی جانب سے حکومت کے ان فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہاہے اور ناراضگی کا اظہار کیا جانے لگا ہے لیکن برسراقتدار جماعت ان احتجاج اور ناراضگی کی صورتحال کو فرقہ واریت کی شکل دیتے ہوئے اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ عوامی احتجاج کو ہندو بنام مسلم کیا جائے لیکن احتجاج میں شامل افراد اپنے عمل سے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ ملک کو ان حالات سے نکالنے کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔کانگریس قائد نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ تلنگانہ میں این پی آر اور این آرسی پر روک لگانے کے اقدامات کئے جائیں کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے اگر فیصلہ کیا جاتا ہے تو عوام کو اس کچھ اطمینان ہونے کے ساتھ مرکزی حکومت کو بھی پیغام پہنچے گا ۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک میں جن ریاستوں پر کانگریس برسراقتدار ہے ان ریاستوں میں این پی آر پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور کانگریس پارٹی نے اپنے چیف منسٹرس کو ہدایت جاری کردی ہے۔