چیف منسٹر ، این پی آر پر بھی روک لگانے پر زور ، ایم اے مجیب کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ ہائی کورٹ و صدر بزم رحمت عالم نے تلنگانہ اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون ، این پی آر اور این آر سی کے خلاف تاریخ ساز قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ۔ سیکولر کردار کے حامل چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ فلاحی اور اختراعی اسکیمات کے باعث ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہے ۔ اسی طرح چیف منسٹر نے سیاہ قوانین کے خلاف تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے قرار داد کی منظوری کے ذریعہ ملک کے پہلے چیف منسٹر ہونے کا بھی اعزاز حاصل کیا ہے کیوں کہ این پی آر ، سی اے اے اور این آر سی کے خلاف قرار داد منطور کرنے والی تلنگانہ پہلی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اقلیت دوستی اور سیکولرازم کا بھر پور ثبوت دیا ہے ۔ ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کہا کہ سی اے اے ہندوستانی دستور کے مغائر ہے ۔ سی اے اے کے خلاف سارے ملک میں احتجاج ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قرار داد کی منظوری کے ذریعہ دلتوں ، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے جذبات و احساسات کی عکاسی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر این پی آر پر بھی روک لگائے کیوں کہ این پی آر اور این آر سی کی سمت پہلا قدم ہے ۔ ایم اے مجیب نے ایوان اسمبلی میں چیف منسٹر کی مدبرانہ تقریر کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے فلاحی اقدامات اور حکمرانی کے ذریعہ پہلے ہی عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے ۔۔