سید ، پٹھان ، شیعہ و دیگر طبقات ای بی سی 10 فیصد تحفظات کے اہل

   

حکومت کے فیصلے پر سماج کے تمام طبقات کے نمائندوں کی ملاقات پر کے ٹی آر کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے معاشی طور پر کمزور طبقات کیلئے 10 فیصد تحفظات پر عمل آوریکرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے اس تازہ فیصلے سے مسلمانوں میں تحفظات سے محروم سید ، پٹھان، شعیہ اور دوسرے طبقات کو بھی فائدہ ہوگا ۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ کے علاوہ محتلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے پرگتی بھون میں کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا ۔ ان سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی ار نے کہا کہ موجودہ تحفظات جوں کے توں برقرار رہیں گے ۔ اس مںی کسی قسم کا خلل پیدا نہیں ہوگا جو طبقات معاشی طور پر کمزور نہیں اور موجودہ تحفظات کے ثمرات سے محروم ہیں ۔ انہیں بھی تعلیم ، روزگار اور دیگر شعبوں میں برابر کے مواقع فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ابھی تک تحفظات سے محروم ویشیا، ریڈی ، ویلما ، مکہ ، برہمن ، مارواڑی ، جین ، مسلمانوں میں سید ، پٹھان ، شعیہ و دوسرے طبقات کو ان تحفظات سے فائدہ ہوگا ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آرنے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے 2014 میں کرائے گئے جامع گھر گھر سروے میں اس بات کا علم ہوا ہے کہ ریاست میں کونسے طبقہ کی کتنی آبادی ہے ۔ یہ 10 فیصد تحفظات ان تمام طبقات کیلئے کارآمد ثابت ہوگا اور ہر طبقہ کے کمزور طبقات کو تمام شعبوں میں مناسب مواقع فراہم ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت ہمیشہ عوام کے فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتی ہے ۔ جس کی ریاست میں کئی مثالیں موجود ہیں ۔