سیف آباد میں شرپسندوں کا مصلیوں پر حملہ

   

حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) سیف آباد علاقہ میں آج ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب بعض شرپسند عناصر نے مسجد کے مصلیوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔ تفصیلات کے بموجب نشہ میں دھت ایک موٹر سیکل سوار شخص نے آٹو کو ٹکر دے دی اور بعد ازاں اس نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے مصلیوں پر حملہ کروادیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 سالہ اومیش 8 بجے شب آر بی آئی کے قریب سے گذررہا تھا کہ اس کی ٹکر ایک آٹو سے ہوگئی۔ اومیش نے آٹو ڈرائیور کو زدوکوب کیا اور بعد ازاں فون کرکے نوبت پہاڑ کے ساکن 6 افراد کو طلب کرلیا۔ اسی وقت مسجد افسر جنگ میں نماز عشاء کے بعد مصلیان باہر نکل رہے تھے کہ اومیش اور اس کے دیگر ساتھیوں نے اُن پر حملہ کردیا۔ شرپسند عناصر نے خواجہ احمد الدین اور ولی الدین نامی دو مصلیوں کو مسجد میں داخل ہوکر شدید زد و کوب کیا جس کے نتیجہ میں زخمی ہوگئے۔ دیگر مصلیوں نے پولیس کنٹرول روم کو فون کیا اور سیف آباد پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور مسجد افسر جنگ کے قریب پکیٹ متعین کردیا ۔ زخمی مصلیوں کو دواخانہ عثمانیہ علاج کیلئے روانہ کیا۔ اے سی پی سیف آباد مسٹروینو گوپال ریڈی نے بتایا کہ حالت نشہ میں موٹر سیکل چلانے والے اومیش آٹو کو ٹکر دینے کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اور اس سلسلہ میں تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی اور مقدمہ بھی درج کیا جائیگا۔