ممبئی : بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کا معاملہ گزشتہ کچھ دنوں سے سرخیوں میں ہے۔ پولیس نے حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔ اس دوران آٹو ڈرائیور جو اداکارکو زخمی حالت میں لیلاوتی اسپتال لے گیا تھا، اسے انعام دیاگیا ہے۔ ڈرائیورکو روپے کا نقد انعام دیا گیا ہے۔ یہ انعام آٹو ڈرائیورکے جذبے کو دیکھتے ہوئے ایک تنظیم نے دیا ہے۔ سیف کو اسپتال لے جانے والے آٹو ڈرائیورکا نام بھجن سنگھ رانا ہے۔ ایک تنظیم نے ان کے کام کو سراہا اور انعام کے طور پر انہیں11 ہزار روپے کا چیک دیا اور ایک شال بھی دی۔ بھجن سنگھ رانا اتراکھنڈ کا رہنے والا ہے اور برسوں سے ممبئی میں آٹو چلارہا ہے۔ اداکار کو اسپتال لے جانے کے بعد وہ سرخیوں میں آگئے۔ سوشل میڈیا پر ان کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ ممبئی پولیس نے ڈرائیور کو بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا اور اس معاملے کی مکمل معلومات لی تھیں۔ایک انٹرویو کے دوران بھجن سنگھ رانا نے کہا کہ وہ رات کو آٹو چلاتے ہیں۔ جب سیف پر حملہ ہوا تو ایک خاتون نے آواز دی اورآٹوکو سڑک کے بیچ میں روک دیا۔ اس نے رکشے والے کو پکارا۔ اس دوران سیف نے سفید کرتہ اور پاجامہ پہن رکھا تھا جو پوری طرح خون میں لت پت تھا۔