کٹھمنڈو: 9 جولائی (یو این آئی) نیپال اور چین کی سرحد پر دریائے بھوٹے کوشی میں سیلاب کے باعث دونوں ممالک کو آپس میں ملانے والا ‘دوستی کا پل’ تباہ ہوگیا۔ماہرین موسمیات کے مطابق یہ سیلاب تبت میں برفانی جھیل بہہ جانے کا نتیجہ ہو سکتا ہے کیونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے بھوٹے کوشی کے قریبی علاقے میں کوئی شدید بارش نہیں ہوئی تھی۔نیپال کی پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 8 افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی ابھی شناخت نہیں ہوئی ہے جبکہ 57 افراد کو بچا لیا گیا ہے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے ) کے مطابق، نیپال میں کم از کم 20 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ، جن میں 6 چینی شہری اور 3 پولیس افسران شامل ہیں۔
طیارہ فضا میں ٹکرانے سے
2 پائلٹوں کی موت
اوٹاوا :9 جولائی (یو این آئی) دو سنگل انجن والے طیاروں کے پائلٹ اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کے چھوٹے طیارے منگل کی صبح جنوبی کینیڈا میں حادثہ کا شکا ر ہوگئے ۔مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ ہینوور کی دیہی میونسپلٹی میں پیش آیا، جو صوبہ مانیٹوبا کے دارالحکومت ونی پیگ کے جنوب میں واقع ہے ۔پولیس نے بتایا کہ طیارہ کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ کے وقت طیارہ میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کو مطلع کردیا گیا ہے ۔ دونوں طیاروں کا ملبہ مل گیا ہے ۔