آتشزدگی کا شکار عمارت میں موجود افراد پر تجسس برقرار
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نامپلی آتشزدگی حادثہ پر ڈی جی فائر سرویس نے اپنا بیان جاری کیا ہے ۔ مسٹر وکرم سنگھ مان نے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیلر میں تجارتی سرگرمیوں کے سبب راحت کاری کے اقدامات میں دشواری پیش آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چار منزلہ عمارت میں دو سیلر بنائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں سیلرس کے لیے کوئی اجازت نہیں ہے ۔ حادثہ کے وقت 6 افراد بشمول بچوں کی موجودگی کی اطلاع پائی جاتی ہے ۔ تقریبا 6 گھنٹے کی طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ عمارت میں پھنسے افراد دوسرے سیلر میں تھے ۔ پہلے سیلر میں فرنیچر کا سامان رکھا گیا جس کے سبب راحت کاری اقدامات میں دشواریاں پیش آئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون دو بچے اور تین افراد کی موجودگی کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ جن کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے ۔ تمام محکموں کی جانب سے راحت کاری اقدامات جنگی خطوط پر جاری ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کے مالک اور تجارتی سرگرمیوں کو انجام دینے والے خاطی تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔۔ ع