سیم کرن آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی

   


کوچی۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر سام کرن جمعہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے جب پنجاب کنگز نے انہیں 2023 ایونٹ کی مختصر نیلامی میں 18.50 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ ممبئی انڈینز، چینائی سوپر کنگس،راجستھان رائلز، ایل ایس جی ، اورپنجاب کے درمیان کرن کے حصول کے لیے شدید بولی لگائی گئی، کرن آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی تھے ، تاہم پنجاب نے سب سے زیادہ بولی لگاکر بالآخر انگلینڈ کے آل راؤنڈر کو حاصل کیا ۔ انگلش آل راؤنڈر کرن کے بعد، آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین نے بھی فرنچائزز سے بڑی بولیاں لگائیں اور ممبئی انڈینز نے انہیں 17.5 کروڑ روپے میں منتخب کیا جس کے بعد وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے دوسرے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ اس نیلامی سے قبل جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کرس مورس آئی پی ایل میں سب سے مہنگے خریدے گئے تھے۔ انہیں راجستھان رائلز نے 16.25 کروڑ روپے میں حاصل کیا تھا جوکہ 2021 کی نیلامی میں ریکارڈ رقم تھی ۔ دریں اثنا، انگلینڈ کے ٹسٹ کپتان بین اسٹوکس کو ایل ایس جی اور سن رائزرس حیدآباد کے ساتھ سخت بولیوں کے بعد چینائی سوپرکنگز کو 16.25 کروڑ روپے میں فروخت کیا گیا۔ دوسری طرف، راجستھان رائلز نے جیسن ہولڈرکو 5.75 کروڑ میں خریدا اور اوڈین اسمتھ اور سکندر رضا کو بالترتیب گجرات ٹائٹنز اور پنجاب کنگز کو 50-50 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔ بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو کوئی خریدار نہیں ملا۔ اس سے قبل، انگلینڈ کے بیٹر ہیری بروک آئی پی ایل 2023 کی منی نیلامی میں پہلے کروڑ پتی بن گئے جب سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے انہیں 13.25 کروڑ روپے میں حاصل کیا ۔ بروک کے علاوہ سن رائزرز حیدرآباد نے ہندوستانی اوپنر میانک اگروال کو بھی 8.25 کروڑ میں منتخب کیا ، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنزکو 2 کروڑ میں فروخت کیا گیا جبکہ ہندوستان کے سابق ٹسٹ نائب کپتان اجنکیا رہانے کوان کی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے پر چینائی نے حاصل کیا ہے ۔ دریں اثنا، انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ (بنیادی قیمت 1 کروڑ روپے) اور جنوبی افریقہ کے ریلی روسو (بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے) بغیر فروخت ہوئے رہے گئے ۔