سینئر رہنما جماعت اسلامی مولانا سید عبدالباسط انور کا انتقال

   

حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) جماعت اسلامی کے سابق امیر متحدہ آندھرا پردیش مولانا سید عبدالباسط انور ولد جناب میر احمد علی مرحوم کا مختصر علالت کے بعد کل رات دیر گئے انتقال ہوگیا۔ وہ تلنگانہ میں جماعت اسلامی کے تربیتی شعبہ کے سرپرست تھے ۔ ان کی عمر 73 برس تھی۔ نماز جنازہ بعد نماز ظہر جامع مسجد دارالشفاء میں ادا کی گئی۔ مرحوم کے فرزند جناب سید عبدالودود معتصم نے نماز پڑھائی ۔ تدفین قبرستان سلطان شاہی متصل میر کا دائرہ میں عمل میں آئی ۔ نماز جنازہ اور تدفین میں سینکڑوں سوگواروں نے شرکت کی اور پسماندگان کو پرسہ دیا۔ امیر جماعت اسلامی جناب سعادت اللہ حسینی ، امیر حلقہ جناب خالد مبشر الظفر ، امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، صدر تعمیر ملت جناب ضیاء الدین نیر ، مولانا حامد محمد خاں ، نائب امیر جناب محمد اظہرالدین کے علاوہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک جماعت اسلامی کے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ مولانا سید عبدالباسط انور زمانہ طالب علمی سے ہی تحریک اسلامی سے وابستہ رہے۔ نوجوانوں کی پہلی تنظیم ایس آئی یو کے ریاستی صدر تھے۔ انہوں نے قومی سطح پر جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم کے قیام میں اہم رول ادا کیا۔ مولانا سید عبدالباسط انور تین میعاد متحدہ آندھراپردیش میں امیر جماعت اسلامی رہے۔ گزشتہ دو میقات وہ تلنگانہ میں سکریٹری شعبہ تربیت رہے اور بعد میں سرپرست مقرر کیا گیا ۔ امیر جماعت اسلامی جناب سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ تحریک اسلامی مضبوط سپاہی سے محروم ہوچکی ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون 9704049991 و 9700242620 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔