انڈین ویلز،11 مارچ (یواین آئی ) عالمی نمبر2 جینک سینر نے برازیل کے ابھرتے ہوئے اسٹار جوؤ فونسیکا کے سخت چیلنج پر قابو پاتے ہوئے بی این پی پریباس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے ۔ انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں سینر نے 7-6 اور7-6 سے فتح سمیٹی۔ دونوں نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان پہلا مقابلہ توقعات کے عین مطابق رہا۔ فونسیکا نے ٹائی بریکر میں5-2 کی برتری حاصل کی اور تین سیٹ پوائنٹس حاصل کیے ، لیکن سینر نے مسلسل پانچ پوائنٹس جیت کر پہلا سیٹ اپنے نام کیا۔اطالوی کھلاڑی ایک وقت میں5-2 سے آگے تھے ، تاہم19 سالہ فونسیکا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ دوبارہ ٹائی بریکر تک پہنچا دیا۔ آخر میں سینر نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری چار پوائنٹس جیت کر میچ ختم کیا۔اس جیت کے ساتھ 24 سالہ جینک سینر نے ایک نیا اطالوی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔انہوں نے اے ٹی پی ماسٹرز1000 لیول پر اپنی97 ویں جیت درج کی، جس کے ساتھ ہی وہ فیبیو فوگنینی کو پیچھے چھوڑکر اس سیریز میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے اطالوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔