انٹرویو کے لئے 50 امیدواروں کا انتخاب، بھٹی وکرمارکا نے فی کس ایک لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے سیول سرویسز مینس اور انٹرویو کیلئے کوالیفائی امیدواروں کو فی کس ایک لاکھ روپئے ادا کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے یو پی ایس سی سیول سروسیز مینس امتحانات میں منتخب 50 امیدواروں کو فی کس ایک لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا ۔ راجیو گاندھی ابھئے ہستم اسکیم کے تحت امیدواروں کی مالی مدد کی جارہی ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ بہتر انداز میں انٹرویو کا سامنا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویسز مینس اور انٹرویو کیلئے کوالیفائی تمام امیدواروں کو حکومت سے مالی مدد کی جارہی ہے۔ پرجا بھون میں ڈپٹی چیف منسٹر نے سیول سرویسز مینس میں منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ تلنگانہ اور ملک کی بہتر خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ہر شعبہ میں ذہین اور قابل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیول سرویسز کیلئے تلنگانہ سے زائد امیدوار منتخب ہونگے ۔ کئی امیدوار مالیاتی دشواریوں کے سبب سیول سروسیز امتحانات میں کامیابی سے قاصر رہتے ہیں۔ سنگارینی کالریز کے تحت نئی اسکیم متعارف کی گئی جس میں امیدواروں کو ایک لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مینس میں منتخب ہونے پر ایک لاکھ اور انٹرویو کیلئے اہل قرار پانے والوں کو ایک لاکھ روپئے دیئے جارہے ہیں اور دہلی میں رہائش کی سہولت رہیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ کے پہلے سال 140 امیدوار مینس کیلئے کوالیفائی ہوئے ہیں جبکہ 20 امیدوار انٹرویو کیلئے منتخب ہوئے۔ گزشتہ سال 20 امیدوار انٹرویو میں اہل قرار پائے جن میں سے سیول سرویسز کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ جاریہ سال مینس امتحانات میں 202 امیدوار کوالیفائی ہوئے ہیں اور 50 امیدوار انٹرویو کیلئے اہل قرار پائے۔ بھٹی وکر ما رکا نے امید ظاہر کی کہ انٹرویو میں حصہ لینے والے تمام امیدوار سلیکٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کے بعد وہ جس ریاست کیلئے بھی الاٹ کئے جائیں گے ، تلنگانہ سے ان کی وابستگی برقرار رہے گی۔1