شادنگر 6 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر میونسپلٹی میں ترقیاتی روشنی لانے کے مقصد سے 99 دنوں کے پروگرام کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کی ضرورت ہے، یہ بات شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے کہی۔ جمعہ کے روز شادنگر میونسپلٹی میں عوامی حکمرانی ترقیاتی منصوبہ کے نام سے 99 دنوں کے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ایل اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسلروں کے تعاون سے ہر وارڈ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مسلسل کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ عوامی فلاحی پروگرام بھی مؤثر انداز میں چلائے جائیں۔ سی ڈی ایم اے کی ڈائریکٹر جی ممتا نے کہا کہ اس 99 دنوں کے پروگرام کو ماحولیاتی تحفظ کے مقصد کے ساتھ کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ میں صفائی مہم، ترقیاتی کام، شجرکاری اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے۔ اس پروگرام میں میونسپل چیئرمین اگنور بسوام، وائس چیئرمین اندے موہن، مارکیٹ کمیٹی وائس چیئرمین بابر علی خان، میونسپل کمشنر سنیتا ریڈی، کونسلرز اور دیگر معززین نے شرکت کی۔