پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں دو ہزار افراد کے کھانے کا انتظام
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے حیرت کا اظہار کیا کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں شادیوں اور آخری رسومات میں شرکت کرنے والوں کے لئے پابندیاں ہیں لیکن چیف منسٹر کی افتتاحی تقریب میں 2000 افراد کی شرکت کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے سبب شادیوں میں 50 اور انتقال کی صورت میں 20 افراد کی شرکت کی حد مقرر کی گئی۔ حیرت کی بات ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مارکوک علاقہ کے سرپنچ بھاسکر کو فون کرتے ہوئے کونڈا پوچما ساگر پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں 2000 افراد کے کھانے کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ نرنجن نے کہا کہ افتتاحی تقریب کے بعد چیف منسٹر اپنے ساتھ موجود وزراء ، ارکان مقننہ اور مقامی افراد کے ہمراہ لنچ کریں گے۔ ترجمان پردیش کانگریس نے حیرت کا اظہار کیا کہ لاک ڈاون کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ہائی کورٹ نے حال ہی میں ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بھوپال ریڈی کو سالگرہ منانے پر نوٹس جاری کی تھی لیکن چیف منسٹر کھلے عام لاک ڈاون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔