دولہا گھر واپس ، دولہن ویمن ہوم پہونچی ، پولیس نے عاشق کے خلاف کیا مقدمہ درج
حیدرآباد :۔ شادی کا پاک رشتہ صرف تین گھنٹوں میں ٹوٹ گیا ۔ عاشق نے دولہے کے سامنے دلہن کا بوسہ لیا ۔ پولیس اسٹیشن میں پولیس کی کونسلنگ ناکام ہوگئی ۔ یہ واقعہ ضلع کریم نگر میں پیش آیا ۔ شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے بعد دولہا دلہن کی بارات لے کر گھر جارہا تھا کہ دلہن نے دولہا کو زبردست شاک دے دیا ۔ اپنے محبوب کو فون کرتے ہوئے سسرال کو رخصت ہونے کی اطلاع دی ۔ جس پر عاشق فلمی انداز میں پہونچا اور بارات کو سڑک پر روکتے ہوئے گاڑی میں سوار دلہن کو دولہے کے سامنے بوسہ لیا ۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ ضلع کریم نگر کے حضور آباد میں پیش آیا جو موضوع بحث بن گیا ۔ حضور آباد کی لڑکی کی شادی ضلع منچریال کے نوجوان سے پیر کی شام کو انجام پائی ۔ دلہن حضور آباد کے نوجوان ومشی سے محبت کیا کرتی تھی ۔ ماں باپ کی بات کا انکار کرنے کے بجائے شادی سے اتفاق کرلیا جب اس کی اطلاع ومشی کو ہوئی تو اس نے شادی رکوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ۔ دونوں کی تصاویر اور لو لیٹرس دولہے کو روانہ کرتے ہوئے شادی روکنے کی دھمکی بھی دی لیکن اس کی پروانہ کرتے ہوئے لڑکی کے والدین نے طئے پائے رشتہ کے ساتھ شادی کرادی ۔ جب دولہا بارات کے ساتھ دولہن کو لے کر اپنے گھر جارہا تھا ومشی نے اپنے محبوبہ کی اطلاع پر جمی کنٹہ کے پاس گاڑی روک کر دولہے کے سامنے دولہن کا بوسہ لیا اور دلہن کو چھوڑ کر خالی ہاتھ جانے کے لیے دولہا سے جھگڑا کیا ۔ جس پر دولہے کے رشتہ داروں نے اس کی پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس کی جانب سے نصف شب تک کونسلنگ کرنے کے باوجود دونوں فریقین نے اتفاق نہیں کیا ۔ دولہا اور اس کے رشتہ داروں نے دلہن کو پولیس اسٹیشن میں چھوڑ کر خالی ہاتھ واپس ہوگئے ۔ دوسری جانب دولہن کے والدین نے بھی دولہن کو پولیس اسٹیشن میں چھوڑ کر گھر واپس ہوگئے ۔ بوسہ لے کر تنازعہ پیدا کرنے والے ومشی کے خلاف پولیس نے ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور دلہن کو کریم نگر کے سوادھر ہوم کو منتقل کردیا ۔۔