شادی مبارک اور کلیان لکشمی کیلئے فنڈس کی عدم اجرائی

   

تلنگانہ تلگو دیشم کا الزام، راجیو سوا گروہا مکانات کے ہراج کی مخالفت
حیدرآباد ۔17۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے راجیو سواگروہا اسکیم کے مکانات فروخت کرنے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ پر تنقید کی۔ پارٹی ترجمان این درگا پرساد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کابینہ نے مخالف عوام فیصلے کئے ہیں۔ راجیو سوا گروہا اسکیم کے تحت 6 سال قبل مکانات تعمیر کئے گئے ۔ مکانات کیلئے درمیانی افراد نے ایک لاکھ روپئے بطور اڈوانس حاصل کئے لیکن گزشتہ چار برسوں سے عوام کو مکانات کے الاٹمنٹ کا انتظار ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے مکانات کے ہراج کا فیصلہ کیا۔ درگا پرساد نے کہا کہ درخواست گزاروں سے مشاورت کے بغیر ہراج کرنا ناانصافی ہوگی۔ درخواست گزاروں نے بطور اڈوانس بھاری رقم ادا کردی ہے۔ حکومت نے لاکھوں کی تعداد میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں 300 تا 400 مکانات تعمیر کئے گئے ۔ اس کے علاوہ کسی بھی ضلع میں مکانات کی تعمیر عمل میں نہیں آئی ۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت میں شہر کے مضافاتی علاقوں میں سرکاری اراضیات ، خانگی شعبہ کے حوالے کی تھی۔ اسی طرح کے سی آر بھی خانگی شعبہ کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کا وعدہ آج تک مکمل نہیں ہوا۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے لئے حکومت فنڈس جاری نہیں کر رہی ہے، جس کے نتیجہ میں غریب خاندان اپنی لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں پریشان ہیں۔ حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ الاؤنس کا اعلان کیا تھا ۔ گزشتہ 6 برسوں میں سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فائدہ کیلئے نئے قوانین وضع کر رہی ہے۔ انہوں نے راجیو سوا گروہا اسکیم کے مکانات درخواست گزاروں کو الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔