دبئی : شام میں نا معلوم افراد نے دیر الزور کے مشرقی دیہی علاقے میں قدرتی گیس کی کونیکو فیلڈ میں واقع اڈے کو مارٹر گولوں سے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس اڈے میں امریکی فوج مقیم ہے۔ ایک امریکی دفاعی ذمہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ ہفتے کی شام ہونے والے اس حملے میں امریکی فوج کو بالواسطہ طور پر آتشی ہتھیاروں کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ہے۔ شامی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دیر الزور کے مشرقی دیہی علاقے میں کونیکو گیس فیلڈ کی سمت دھماکہ سنا گیا جہاں امریکی فوج کا اڈہ ہے۔ چہارشنبہ کو امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے بتایا تھا کہ اس نے مشرقی شام میں العمر آئل فیلڈ میں ڈرون طیارے سے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔اس حوالے سے شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے بتایا کہ ایرانی ملیشیاؤں کے ڈرون طیاروں نے شام میں بین الاقوامی اتحاد کے سب سے بڑے اڈے پر حملہ کیا۔امریکی افواج شام میں کئی مقامات پر تعینات ہیں۔ ان میں اہم ترین مقام دیر الزور میں العمر آئل فیلڈ اور کونیکو گیس فیلڈ کے نزدیک اور جنوب مشرقی شام میں التنف کا اڈہ ہے۔