شام میں بی بی سی کی اکریڈیٹیشن منسوخ

   

Ferty9 Clinic

دمشق : شام نے ’گمراہ کن رپورٹس‘پربرطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی اکریڈیٹیشن (توثیق) منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جنگ زدہ ملک میں کسی بین الاقوامی میڈیا ادارہ کے خلاف ایک اہم اقدام ہے۔شامی وزارت اطلاعات نے ہفتہ کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے پیشہ ورانہ معیارات پر عمل نہ کرنے اور متعصبانہ اور گمراہ کن رپورٹس نشرکرنے پر اصرار کی وجہ سے بی بی سی کے نامہ نگار اور کیمرہ مین کی تصدیق منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت نے مزید کہا کہ شام میں بی بی سی ریڈیو کے نامہ نگار کی توثیق بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔بی بی سی کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ 2011 میں شام میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے بی بی سی نے وقتاً فوقتاً ملک میں زمینی حقائق کے بارے میں غیرمعروضی اور جعلی معلومات پرمبنی رپورٹس پیش کی ہیں۔اس تنازعہ میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں اور ملک کا بنیادی ڈھانچا اور صنعتیں تباہ ہوچکی ہیں۔وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ ’’بی بی سی کو ’ایک سے زیادہ مرتبہ‘ خبردار کیا گیا لیکن اس نے دہشت گرد تنظیموں اور شام کے دشمنوں کے بیانات کی بنیاد پر اپنی گمراہ کن رپورٹس نشر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا‘‘۔دمشق شاذونادر ہی بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کی توثیق منسوخ کرتا ہے۔اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ شام میں بعض غیر ملکی میڈیا اداروں کے مقامی نامہ نگار موجود ہیں۔جنگ کے عروج کے دنوں میں بہت سے غیر ملکی صحافی شام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔