ڈیر شرقی۔/17 اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی مشرقی شام میں ہفتہ کو بشارالاسد حکومت کے فضائی حملوں میں ایک ماں اور اس کے 6 بچے ہلاک ہوگئے۔ اس سے ایک دن قبل تقریباً تباہ شدہ اس کیمپ کے قریب روس نے بڑے پیمانے پر بمباری کی تھی۔ برطانیہ میں موجود شامی مبصر ادارہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے میں صوبہ ادلیب کے ڈیر شرقی گاؤں میں واقع ایک منزلہ گھر میں مقیم اس خاندان کو نشانہ بنایا تھا۔ ایک بیرونی فوٹو گرافر نے کہا کہ اس نے دھماکہ کے مقام پر ہر طرف انسانی خون کے دھبوں اور نعش کے ٹکڑوں کو دیکھا ہے۔ علاوہ ازیں چند افراد ایک جواں سال لڑکی کی خون میں لت پت نعش لے جاتے ہوئے دیکھے گئے۔ راحت کاری میں مصروف کارکن ‘دھول میں لت پت دوسرے بچے کی نعش پر چادراڑھاتا دیکھا گیا۔ شام کے شمال مغربی علاقہ میں بشارالاسد کے سیاسی مخالفین کے آخری طاقتور گڑھ پر اختتام اپریل سے شامی فضائیہ اور اس کے حلیف روس کے حملے جاری ہیں جس کے نتیجہ میں تاحال سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ان حملوں سے ایک دن قبل جمعہ کو روس کے فضائی حملے میں بشمول 6 بچے15 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔
