ریاض : سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں کے تحت عرب وزارتی رابطہ کمیٹی کے توسیعی اجلاس کی میزبانی کی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اجلاس شام میں موجودہ سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور موجودہ حالات کے دوران شامی عوام کی حمایت کے طریقوں پر غور کرنے کے لیے منعقد ہوا۔اجلاس کی میزبانی اس بات کی تصدیق ہے کہ سعودی عرب خطے اور عالمی معاملات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق عرب مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔اجلاس کے دوران سعودی عرب نے شام اور اس کے عوام کی حمایت کے اپنے مستقل موقف کو دہرایا اور زور دیا کہ شام کی سرزمین کی وحدت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔مزید برآں کسی بھی بیرونی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے جامع سیاسی عمل کی حمایت کی اہمیت پر زور دیا جو شامی عوام کی امن اور استحکام کی امنگوں کو پورا کرے۔سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ شام کو انسانی اور سیاسی مدد فراہم کرنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ دہائیوں پرانی بحرانے کا خاتمہ ہو۔