انقرہ ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے شام اور مہاجرین کے موضوعات پر ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر ایمانیول میکرن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے گفت گو کی۔ اس چار فریقی بات چیت میں ترکی کی جانب سے گزشتہ ماہ مہاجرین کیلئے اپنی سرحدیں کھولنے کے اعلان پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس ترک اقدام پر یورپی یونین نے خدشات کا اظہار کیا تھا کیوں کہ اس اقدام کے بعد ہزاروں تارکین وطن نے ترکی سے یونان پہنچنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ ترکی میں قریب چار ملین شامی پناہ گزین موجود ہیں۔ انقرہ حکومت کا مطالبہ ہے کہ یورپی یونین ان مہاجرین کیلئے ترکی کی مدد کرے۔