ممبئی 20 جنوری (ایجنسیز) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے دو سال سے کوئی فلم ریلیز نہیں کی۔ پھر بھی وہ بحث کا ایک مستقل موضوع بنے ہوئے ہیں ۔ شاہ رخ گزشتہ کافی عرصے سے اپنی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حالیہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم رواں سال دسمبر میں ریلیز ہو سکتی ہے تاہم ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ آخری بار شاہ رخ خان فلم ڈنکی میں بڑے پردے پر نظر آئے تھے۔ یہ فلم دسمبر 2023 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اب ان کے مداحوں کو فلم ’کنگ‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ یہ ایک ملٹی اسٹاررفلم ہوگی۔ فلم کنگ کی ہنگامہ آرائی کے درمیان ایک اور بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ معروف ہدایتکار،کوریوگرافر اور شاہ رخ کی قریبی دوست فرح خان نے اداکار کے بارے میں اہم بیان دیا ہے۔فرح خان نے ہندی سنیما میں ایک کوریوگرافر اور ہدایت کارکے طور پر خود کو ثابت کیا ہے۔ تاہم وہ کافی عرصے سے ڈائریکشن کے شعبے سے دور ہیں۔ ان دنوں وہ اپنے یوٹیوب چینل کے ساتھ سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں وہ مشہور ٹی وی اداکار نکول مہتا کے گھرگئی اور اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ایک ویڈیو بنائی، جس میں ہدایت کاری کی طرف واپسی کا اشارہ دیا۔ نکول نے فرح کی ہدایت کاری کی تعریف کی اور کہا کہ وہ جس طرح کی فلمیں بناتی ہیں اسے یاد کرتے ہیں۔ اس کے بعد فرح نے مزید کہا اگر میں کوئی فلم ڈائریکٹ کرتی ہوں تو وہ صرف شاہ رخ خان کے ساتھ ہوگی۔ ورنہ میں انتظارکروں گی اور یوٹیوب پرکام جاری رکھوں گی۔ اس کا مطلب ہے کہ فرح ہدایت کاری میں واپسی کے لیے تیار ہیں لیکن اس شرط پرکہ ان کی واپسی شاہ رخ خان کے ساتھ ہوگی۔ غور طلب ہے کہ فرح اور شاہ رخ خان نے میں ہوں نا، اوم شانتی اوم اور ہیپی نیو ایر جیسی ہٹ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ تینوں کو خوب پذیرائی ملی۔ آخری بار انہوں نے 12 سال قبل ہیپی نیو ایر میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔خبریں یہ بھی گشت کررہی ہیں کہ شاید یہ دونوں ’’میں ہوں نا 2 ‘‘ کی تیاری کررہے ہیں ۔