شاہ رخ خان کا فرنچائزی امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دے گا

   

ممبئی: کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی ملکیت والا نائٹ رائیڈرز گروپ ویسٹ انڈیز کے بعد اب امریکہ میں بھی کرکٹ میں سرمایہ کاری کرے گا۔ وہ لاس اینجلس کے قریب ایک اسٹیڈیم تعمیر کرے گا، جس میں 2023 کے میجر کرکٹ لیگ کے میچ ہوسکتے ہیں۔ قبل ازیں کریبین پریمیئر لیگ میں نائٹ رائیڈرز کی ملکیت والی ایک ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کھیل رہی ہے ۔ وہیں امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں بھی اس گروپ کی سرمایہ کاری ہے ۔جنوبی کیلیفورنیا میں تعمیر ہورے اس اسٹیڈیم کی گنجائش کم از کم 10 ہزار ہوگی۔ میجر لیگ کے ذرائع کے مطابق اس اسٹیڈیم کی تعمیر پر تقریباً 30 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 230 کروڑ روپے ) لاگت آسکتی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ 2024 مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ بھی یہاں ہو سکتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے ساتھ امریکہ بھی اس ورلڈ کپ کا شریک میزبان ہے ۔ اس کے علاوہ 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں بھی اس اسٹیڈیم کااستعمال ہوسکتاہے جس میں کرکٹ کو بھی بطور کھیل تجویز کیا گیا ہے۔ نائٹ رائیڈرز گروپ کے شریک مالک، شاہ رخ خان نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں کرکٹ کا مستقبل بہت روشن ہے اور ہم نائٹ رائیڈرز کو ایک عالمی ٹی20 برانڈ کے طور پر قائم کرنا چاہتے ہیں۔ لاس اینجلس میں اسٹیڈیم بنوانا ہمارے لئے ایک اہم قدم ہے ۔ اس سے یقینی طور پر امریکی کرکٹ کی ترقی میں اہم تبدیلی آئے گی۔اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے ، ایم ایل سی کے شریک بانی سمیر مہتا اور وجے سری نواسن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، “ایم ایل سی امریکہ میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے ۔ جہاں اسٹیڈیم کی تعمیر ہوگی وہ بہترین جگہ ہے اوروہاں بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس بھی منعقد کئے جاسکیں گے ۔