ممبئی ۔ بالی ووڈ کے مایاناز فلم ساز راجکمار ہیرانی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے 20 سال انتظار کیا۔ فلمساز راجکمار ہیرانی کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ڈنکی میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے نبھایا ہے۔ انٹرویو دیتے ہوئے فلم ساز نے اس راز سے پردہ اْٹھا دیا کہ انہوں نے کنگ خان کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیوں اورکب کیا تھا۔انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے جب میں اسکول میں پڑھتا تھا، اس وقت ہر ایک فلم ساز طالب علم کے لیے یہ ہی جدوجہد ہوا کرتی تھی کہ انہیں فلم بنانے کے لیے کوئی پروڈیوسر مل جائے، کوئی اداکار ان کے پروجیکٹ میں کام کرنے کے لیے رضامند ہوجائے۔انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہم سب طالب علم ایک مشترکہ کمرے میں بیٹھ کرٹی وی پروگرامز بالخصوص نئے آنے والے آرٹس کا کام دیکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے جب میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ سرکس نامی سیریز دیکھ رہا تھا، وہ مناظر مجھے آج بھی ویسے ہی یاد ہیں جب میں نے پہلی بار شاہ رخ خان کو چھوٹے پردے پر دیکھا، اسی وقت سوچ لیا تھا کہ ایک دن میں اس اداکار کو اپنی فلم میں کاسٹ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ خان کے سحر سے متاثر ہوگیا تھا۔ راجکمار ہیرانی نے ہنستے ہوئے بتایا کہ مجھے فلم اسکول سے فارغ ہونے میں دو سال کا وقت لگا اور اتنے عرصے میں شاہ رخ خان بہت بڑے اسٹار بن چکے تھے اس لیے مجھے انہیں کاسٹ کرنے کے لیے 20 برس انتظارکرنا پڑا۔انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ ہمیشہ سے شاہ رخ خان کو فلم میں کاسٹ کرنے کے حوالے سے پْرجوش تھے۔ فلم ساز نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ شاٹ دے رہے ہوتے تھے تو میں آنکھوں پر آئی ماسک اور کانوں میں ایر پلگ لگا لیتا تھا اور جب شاٹ ختم ہوتا تو میرا اسسٹنٹ مجھے کہتا کہ سر شاٹ ختم ہوگیا ہے‘ تو پھر میں اپنی آنکھیں اور کان کھولتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مذاق سے ہٹ کر بات کی جائے تو شاہ رخ ایک حیرت انگیز اداکار اور اس سے بھی بہتر انسان ہیں۔