شاہ رُخ خان کی 59 وں سالگرہ

   

1989 میں ٹی وی سیریئل ، 1992 میں جنونی فلمی کردار کے بعد آج شہرت کی بلندی عام بات نہیں
ممبئی ؍ نئی دہلی : بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ سے مشہور شاہ رخ خان کی پیدائش 2 نومبر 1965 کو نئی دہلی میں ہوئی۔ میر تاج محمد خان اور لطیف فاطمہ خان کے اس سلیبریٹی فرزند کے مداح ہر سال 2 نومبر کو اُن کے بنگلہ ’منت‘ کے باہر اپنے ہیرو کی جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہو جاتے ہیں۔ شاہ رخ 3 دہائیوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور آج بھی بالی ووڈ میں ان کی فلمیں سوپر ہٹ ہوتی ہیں اور فلمی شائقین کو ان کی اگلی فلم کا انتظار رہتا ہے۔ شاہ رخ نے 1991ء میں ریاست پنجاب کی ہوشیار پور سے تعلق رکھنے والی فیملی سے کی گوری چھِبر سے شادی کرلی تھی جس کے ساتھ انھیں سہانا خان، آرین خان، شاہ نواز خان ہیں۔ گوری کی مصروفیت فلم پروڈیوسر اور فیشن ڈیزائنر کی حیثیت سے ہے۔ شاہ رخ کے گھر پر ایک پرائیوٹ برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں قریبی دوست اور اہل خانہ نے فلم اسٹار کی سالگرہ منائی۔ شاہ رخ مداحوں کو اپنی جھلک دکھانے کیلئے اپنے بنگلہ کی بالکونی میں اپنے مخصوص انداز میں بازو پھیلا کر مداحوں کے جوش و خروش کا جواب دیتے ہیں۔ اس بالی ووڈ کے سوپر اسٹار نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1992 کی ڈرامہ فلم ’دیوانہ‘ سے کیا تھا، جس کے ہیرو اور ہیروئن کے کردار رشی کپور اور ساؤتھ انڈین دیویا بھارتی نے ادا کئے تھے۔ شاہ رخ نے معاون کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد شاہ رخ خان تیزی سے اپنے دور کے فلمی شائقین کی پسند بن گئے جب بازیگر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کرن ارجن جیسی بلاک بسٹر فلموں نے اُن کو شہرت کی بلندی پر پہنچا دیا۔ حالیہ فلموں پٹھان، جوان اور ڈنکی نے بھی کمال دکھایا اور ان تینوں فلموں نے بھرپور بزنس کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہ رخ خان 7,300 کروڑ روپئے کی دولت کے ساتھ انڈیا کے امیر ترین اداکار ہیں۔ ان کی کمائی فلموں کے ساتھ ساتھ پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ، بطور فلم پروڈیوسر، پی ایس ایل اور دیگر کاروبار سے بھی ہوتی ہے۔ بیٹی سہانا نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے اور آریان نے فلمی کہانی لکھنے کی شروعات کی ہے۔