شاہ علی بنڈہ میں داماد کے ہاتھوں ساس کا قتل

   


حیدرآباد : /6 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک عادی شرابی داماد نے اپنی معمر ساس کا قتل کردیا ۔ پولیس شاہ علی بنڈہ کے مطابق 62 سالہ وجئے لکشمی نے اپنی بیٹی جینتی کی شادی 20 سال قبل سیناپتی چندرگپتا سے کی تھی اور اسے دو بچے بھی ہے ۔ داماد عادی شرابی ہونے اور بیٹی کو ہراساں کرنے کے نتیجہ میں اس نے اپنی بیٹی جینتی کو اپنے مکان واقع شاہ علی بنڈہ میں رکھ لیا تھا ۔ جینتی ملبوسات کی دوکان میں ملازمت کرتی ہے ۔ سیناپتی چندرگپت نے آج صبح اپنے سسرالی مکان پہنچ کر محوخواب ساس وجئے لکشمی پر تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا جبکہ اس حملہ کو روکنے کی کوشش کرنے والے دو بچے بھی اس حملہ میں زخمی ہوگئے ۔ اس بات کی اطلاع شاہ علی بنڈہ پولیس کو دی گئی جس پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر جہانگیر اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ مقتولہ کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا اور قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے خاطی کی تلاش شروع کردی گئی ۔