شاہ عنایت گنج میں رہزن گرفتار

   

حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) شاہ عنایت گنج پولیس نے رہزنی کی واردات میں ملوث ایک رہزن کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہا کہ 45 سالہ اسلوات دشرت ساکن اپو گوڑہ نے ایک خاتون اندرماں کو کام دلانے کے بہانے پہاڑی شریف لے گیا اور وہاں پر اس کے منگل سوتر ، موبائیل فون اور کان کے ٹاپس چھین کر فرار ہوگیا۔ دشرت نے خاتون کو لوٹ لینے کے بعد اس کے سر پر پتھر اور ہتھوڑی سے وار کر کے شدید زخمی کردیا اور انتہائی زخمی حالت میں اسے پہاڑی شریف علاقہ میں چھوڑ دیا ۔ پولیس نے اندرماں کی گمشدگی پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور 88 سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کرنے کے بعد دشرت کی شناخت کی اور اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ مسٹر سرینواس نے کہا کہ گرفتار ملزم دشرت پیشہ سے میستری ہے اور خاتون مزدور کو کام دلانے کے بہانے اسے پہاڑی شریف کے سنسان مقام لے جاکر اس کے زیورات لوٹ لئے تھے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضہ سے 30200 مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔