لندن : برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم میں کینسر کے مرض کی تشخیص کے بعد ولی عہد شہزادہ ولیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے والد کی غیرموجودگی میں شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ اٹھائیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق شاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر کے بعد شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ شہزادہ ولیم کے کندھوں پر آن پڑا ہے جنہوں نے اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین کے آپریشن کے بعد عوامی مصروفیات معطل کی ہوئی تھیں۔41 سالہ شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین اور تین بچوں کی دیکھ بھال کی غرض سے منظر عام سے غائب تھے۔تاہم والد میں کینسر کی اچانک تشخیص کے بعد شاہی سطح پر پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے شہزادہ ولیم اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
