نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج سری نگر میں شہداء کی یادگار پر جا کر پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔امت شاہ تین روزہ دورے پر جمعہ کو سری نگر پہنچے تھے لیکن اپنے دورے کے ایک حصے کے طور پروہ پیر کی شب سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کیمپ میں ٹھہرے تاکہ جوانوں اور افسروں کو درپیش تجربات اور مشکلات کے بارے میں دریافت کریں۔ مرکزی وزیر داخلہ صبح سویرے پلوامہ شہداء میموریل پہنچے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں پودا لگایا۔
