وقف بورڈ سے 45 لاکھ کی اجرائی، صدرنشین محمد سلیم نے کاموں کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔31۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کی تاریخی شاہی مسجد میں مرمت اور تزئین نو کے کاموں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جس کے تحت 45 لاکھ روپئے کے صرفہ سے مسجد کے صحن میں عالیشان شیڈ تعمیر کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ہمراہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے شیڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ ان کاموں کی تکمیل کی جارہی ہے۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے محمد سلیم کو شیڈ کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ سابقہ شیڈ کے مقابلہ نیا شیڈ بلندی میں مزید زیادہ ہے اور اس کی توسیع کی گئی ہے تاکہ دھوپ اور بارش کی صورت میں زیادہ سے زیادہ مصلی محفوظ طریقہ سے نماز ادا کرسکیں۔ محمد سلیم نے دوسرے مرحلہ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی جس میں سیلنگ اور دیگر کام شامل ہیں۔ انہوں نے فلورنگ کا کام جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ رمضان المبارک سے قبل شاہی مسجد کے تمام ضروری کام مکمل کرلئے جائیں گے ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وقف بورڈ نے مرمت اور تزئین نو کے لئے 75 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں اور پہلے مرحلہ میں 45 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ مصلیان مسجد نے صدرنشین وقف بورڈ سے اظہار تشکر کیا اور بیت الخلاء کی تعمیر کے علاوہ مسجد کے لئے درکار دیگر سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا۔ محمد سلیم نے کہا کہ مصلیوں کی سہولت کیلئے وقف بورڈ ہر ممکن اقدامات کرے گا اور درکار بجٹ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہی مسجد کا شمار حیدرآباد کی خوبصورت اور تاریخی مساجد میں ہوتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پہنچتے ہیں۔ ر