بی جے پی ایم پی پرویش ورما کا متنازعہ بیان‘ دہلی میں حکومت پر احتجاج ختم کروادیا جائیگا
نئی دہلی 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی ایم پی پرویش ورما نے کہاکہ شاہین باغ میں لاکھوں افراد جمع ہورہے ہیں جو دہلی والوں کے گھروں میں داخل ہوں گے، بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت ریزی اور ان کا قتل کردیں گے۔ ورما نے کہاکہ 11 فروری کو اگر دہلی میں بی جے پی حکومت قائم ہوتو کوئی شاہین باغ میں دکھائی نہیں دے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے شاہین باغ دہلی میں بھی ہوگا۔ پرویش ورما کا یہ متنازعہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بی جے پی کے کئی قائدین شاہین باغ کے احتجاج پر شدید تنقید کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کل کہا تھا کہ چند سو افراد پرامن اکثریت کو دبا رہے ہیں۔ مغربی دہلی کے رکن پارلیمنٹ ورما نے کہاکہ وزیراعظم مودی کی وجہ سے ملک کے عوام خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔ لیکن ایسی صورتحال رہی تو وہ عوام کو بچانے کے موقف میں نہیں ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا شاہین باغ کے احتجاجیوں کی حمایت کررہے ہیں۔ اب دہلی کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ 8 فروری کو کس کو ووٹ دیں گے۔ دہلی میں 8 فروری کو اسمبلی انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے جبکہ کانگریس پارٹی انتخابات میں اپنے موقف کو بحال کرنے کوشاں ہے۔
