شاہین باغ میں این آر سی ،این پی آر کیخلاف احتجاج پر زور

   

کانگریس کے سینئر قائد جئے رام رمیش کا مشورہ
کوچی 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد جئے رام رمیش نے کہاکہ دہلی کے شاہین باغ کے عوام کو نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے اگر اُنھیں اپنی شہریت کی فکر لاحق ہے۔ شاہین باغ میں گزشتہ دو ماہ سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین حصہ لے رہی ہیں۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں جاری احتجاج سے بی جے پی کے فرقہ وارانہ مفادات پورے ہوں گے اور مسلم فرقہ پرستوں کو اِس سے مدد ملے گی۔ ایک انٹرویو میں جئے رام رمیش نے کہاکہ وہ یہ سمجھ نہیں پارہے ہیں کہ شاہین باغ کے عوام کس لئے احتجاج کررہے ہیں۔ کیا وہ اِس بات کو لے کر فکرمند ہیں کہ اُن کی شہریت چھین لی جائے گی؟ یہ خوف جائز ہے۔ اِس صورت میں اُنھیں این پی آر اور این آر سی کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔ وہ صرف سی اے اے کیخلاف احتجاج کیوں کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ عوام کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔ پہلے 4 تا 5 دن یہ احتجاج درست تھا، اُس کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ اِس سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔